۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
شہید علامہ عارف الحسینی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: شہید علامہ عارف الحسینی مظلوموں اور محکوموں کی آواز تھے۔ اتحاد بین المسلمین کیلئے ان کی خدمات گراں قدر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: 5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس دن قائد ملت علامہ سید عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کردیا گیا ۔اگرچہ علامہ حسینی کا حوالہ مذہبی تھا لیکن انہوں نے ایک سوچ اور فکر دیٍ،ٍ انہوں نے مظلوموں اور محکوموں کے لئے آواز بلند کی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔مثبت اہداف کی خاطر وجود میں آنے والا یہ کارواں رواں دواں ہے۔

قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی 34 ویں برسی کے موقع پر علامہ ساجد نقوی نے کہا: قائد شہید علامہ عارف الحسینی کی شخصیت انتہاپسندی، شدت پسندی اور جنونیت جیسے سنگین مسائل کے خلاف توانا آواز تھی۔ ان مسائل کے حل کے لئے علامہ حسینی نے اتحاد و وحدت اور صبر و حکمت کا راستہ اختیار کیا تھا کیونکہ حکمت و اتحادِ امت قرآنی و نبوی فریضہ ہے۔ جس پرہم مسلسل عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: علامہ شہید عارف الحسینی نے جہاں پاکستان کے داخلی بحرانوں کے حوالے سے پاکستانی عوام کی رہنمائی کی وہاں عالمی سطح پر موجودبحرانوں اور عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حوالے سے جاندار موقف پیش کیا اور اس موقف کی روشنی میں عملی کردار ادا کیا۔ انہوں نے آمریت کی شکل میں پاکستان پر کئے جانے والے تسلط کو چیلنج کیا اور ملک کو جمہوریت کے راستے پر ڈالنے کے لیے جمہوری قوتوں کا بھرپور ساتھ دیا۔

قائدملت جعفریہ پاکستان نے کہا: مسلم ممالک پر استعماری اور سامراجی طاقتوں کے مظالم، تسلط اور تجاوز کے خلاف علامہ عارف الحسینی کی جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا ایک حصہ ہے۔ آپ نے قبلہ اول اورفلسطین پر اسرائیلی تسلط اور ناجائز قبضے اور افغانستان پر روسی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور پاکستان کی دوسری دینی و سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے موقف کا حامی بنایاجبکہ پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر ہونے والی سازشوں اور پاکستان میں بیرونی قوتوں کی مداخلت اور سپر پاور کی خفیہ سازشوں سے پردہ چاک کیا۔ ان کے کردار کو زندہ رکھا جانا چاہیئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .